احترامِ آدميت

  • | جمعرات, 7 فروری, 2019
احترامِ آدميت

                 اسلام احترامِ آدميت اور رحمت كا مثالى علم بردار  ہے، ارشاد ِ الہى  ہے: "كَتَبَ ربكم عَلى نَفْسِهِ الرَّحْمَةَ" (اس نے اپنے اوپر رحمت كو لازم قرار دے ليا ہے) [سورۂ انعام: 54]،  رحمت ، الله رب العزت كے ناموں ميں سے ايك ہے نبى  الاسلام ؐ   سراپائے رحمت ہيں،آپ ؐ  كو اللہ تعالى نےتمام جہانوں اور  مخلوقات  كے لئے  رحمت بنا كرمبعوث فرمايا،  یہی وجہ ہے کہ آنحضرت ؐ نے اشرف المخلوقات یعنی انسانوں کو عام طور پر اور مسلمانوں کو خاص طور پر تمام انسانیت اور تمام مخلوقات پر رحم کرنے اور انہیں ایذا رسانی سے بچنے کا حکم فرمایا۔ قرآن پاك ميں  الله سبحانہ وتعالى نبى  پاك ؐ سے ارشاد فرماتا ہے: "وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ"  (اور ہم نے آپ كو عالمين كے لئے صرف رحمت بناكر بهيجا ہے) [سورۂ انبياء: ۱۰۷]۔

                امن ورحمت وسكون ومحبت اور احترامِ انسانيت كا پيغام  حضور اكرم نبى كريمؐ كى ايك عظيم الشان  خصوصيت ہے، آپؐ جو دين لے كر آئے ، وہ امن وسلامتى ، رحمت ومحبت، تحمل وبرداشت، اور احترام آدميت كا درس ديتا ہے، لہٰذا احترامِ آدميت کا تقاضا یہ ہے کہ معاشرے میں امن و سلامتی کو فروغ دیا جائے اور ایثار و ہمدردی اور رحم دلی کو اپنایا جائے۔

               اللہ تعالیٰ انسان کی عزت کرتے ہیں، قرآن پا ك ميں انسان كى  عظمت وتكريم  كا ذكر كيا گيا، ارشاد بارى "وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ" (اور ہم نے بنی آدم کو عزت بخشی) [ سورۂ اسراء:70]، انسان بہت ہی مکرم ہستی ہے اور جب خود خدا انسان کی عزت کرتا ہے تو پھر انسان خود انسان کی عزت کیوں نہ کرے؟۔

               انسان کی قدروقیمت اس ساری کائنات میں ، کائنات کی ہر چیز سے زیادہ ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنا نائب بنا کر اِس زمین پر بھیجا ہے، اسلام بے گناہ انسان  كى  جان كا قتل پورى انسانيت كے قتل كى مانند  قرار ديتا ہے، اللہ تعالى كا ارشاد ہے: "مَن قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا" (جو شخص کسی کو (ناحق) قتل کرے گا (یعنی) بغیر اس کے کہ جان کا بدلہ لیا جائے یا ملک میں خرابی کرنے کی سزا دی جائے اُس نے گویا تمام لوگوں کو قتل کیا) [سورۂ مائده:32]۔حضور پاك  نےخطبہ وداع ميں انسانى جان كى قيمت وحرمت كو بيت الله يعنى  كعبة  الله سے زياده بتايا۔

               اسلام نے بلاتفریق مذہب وملت پوری انسانیت کے  احترام كو لازمى قرار دیا ہے،اسلام سلامتی اور ایمان امن سے عبارت ہے،اسلام اور پیغمبراسلام ،حضرت محمدؐ کی تعلیمات بلاشبہ احترام انسانیت ،انسانی حقوق اور امن کی سب سے بڑی ضامن ہیں۔الله كى عظيم ہستى نے انسان كو عزت دى، اس كا احترام كيا، اس كو ان گنت نعمتوں سے نوازا  ، اور اس كو باقى تمام مخلوقات سے برتر قرار ديا. اسلام اور اس كے نبىؐ  نے بهى انسان  كى ہر صورت ميں تكريم كو واجب قرار ديا، دنيا ميں اس كے وجود كے پہلے دن ہى اس كے والدين كو اس كے  لئے اچها  نام  اختيار كرنے كا حكم ديا، بچوں كے ساتھ شفقت سے پيش آنے كى تاكيدكى۔ اس عظيم دين كے مثبت  پہلوؤں پرروشنى  ڈالنے  سےہميں انسان كى قدر وقيمت كا  اندازه ہو تا ہے،  اور ہميں ہى اس قيمت كى حفاظت كرنى چاہيے۔ 

Print
Tags:
Rate this article:
4.0

Please login or register to post comments.